| سرگودھا، لاہور (نمائندہ جنگ، خبر ایجنسیاں) وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری قربانیاں نیٹو سے زیادہ ہیں، دوست ممالک کو پاکستانی اداروں کا احترام کریں، ایٹمی پروگرام قوم کا اثاثہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں، برطانوی وزیراعظم کے بیان پر سفارتی فورم استعمال کیا جائیگا، بلوچستان سے متعلق عوام کی تشویش سے اتفاق کرتا ہوں، بلوچ لیڈروں سے مذاکرات کرنا چاہئے، کراچی کو غیر مستحکم کرنے کیلئے حالات خراب کئے جارہے ہیں،ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانے کیلئے کام کا آغاز کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلانوالی میں گیس کی فراہمی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب اور لاہور میں ٹرانسفارمر پلانٹ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھارت میں پاکستان سے دہشت گردی کے فروغ کی تو بات کی کاش وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی بات کرتے‘ پیپلزپارٹی نے قربانیاں اقتدار کیلئے نہیں دی تھیں‘ ہم نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے۔ |
|