| کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں پولیس افسر اور خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر10الصدف موڑ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل پر تھانے جانے والے اے ایس آئی ظہور احمد ولد شیر محمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق مقتول اے ایس آئی ظہور احمداورنگی ٹاوٴن بسمہ الله کالونی کا رہائشی تھا اور 20روز قبل اقبال مارکیٹ تھانے سے اس کا تبادلہ مومن آباد تھانے میں ہوا تھا مقتول ظہور احمد کا تعلق پنجاب جہلم سے تھا اور وہ 10بچوں کا باپ تھا ، جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی گھاس بندر گیٹ نمبر15کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 35سالہ جاوید ولد شریف کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے مقتول کی لاش جناح اسپتال لائی گئی پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا مقتول کو چند روز بعد سعودی عرب جانا تھا اور وہ 2روز قبل ہی رحیم یار خان سے میڈیکل چیک اپ کے لیے کراچی آیا تھا ، الفلاح تھانے کی حدود پنجاب ٹاوٴن میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 25سالہ اعجاز ولد شریف کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے جس کی لاش کو جناح اسپتال لایا گیا، ایس ایچ او الفلاح خالد ندیم بیگ نے بتایا کہ مقتول اعجاز کے خلاف تھانے میں لوگوں سے رقم لے کر ہڑپ کرنے سے متعلق درخواستیں درج ہیں اور مقتول چوری کے کیس بھی پکڑا جاچکا تھا ، شریف آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد ایف سی ایریا لال اسکول گراوٴنڈ سے 30سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق نامعلوم خاتون کو اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے بعد لاش پھینک دی گئی پولیس کے مطابق مقتولہ چہرے سے بنگالن معلوم ہوتی ہے۔ |
|