| اسلام آباد (نمائندہ جنگ / اے پی پی ) وزیرداخلہ رحمن ملک نے تصدیق کی ہے کہ 4 دن کی تگ و دو کے بعد سانحہ مارگلہ کے تباہ شدہ طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے، جس سے حادثے کے حقائق پتہ چل جائیں گے۔ جبکہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر اچھی حالت میں ہے ، بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس یا جرمنی بھیجا جائے گا، تحقیقات میں 3 ماہ سے ایک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ ہفتہ کو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تفتیشی اہلکاروں کو جہاز کے ملبے میں پھنسی دم سے بلیک بکس حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی ہے اور یہ بہت اہم شہادت ہے اس سے تحقیقات میں مدد ملے گی اور حادثے کے اصل حقائق پتہ چل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک بکس سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں اس کو لاک کیا گیا ہے ،اب ماہرین نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ اس کو باہر بھجوایا جائے یا پاکستان میں ہی اس کا جائزہ لیا جائے۔ |
|