| لندن (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے پہلے مسلم وزیر شاہد ملک نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے پاکستان کے متعلق ریمارکس پر سخت تنقید کرتے ہوئے صدر زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کردیں۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد ملک نے کہا کہ ڈیوڈ کیمرون کا دورہ بھارت کے موقع پر دیا جانے والا بیان غلط ہے، انہوں نے یہ بیان غلط موقع اور جگہ پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ بھارت کے موقع پر ایسا بیان دے کر ایک طرف بھارت کی تعریف اور دوسری جانب پاکستان کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہابرطانیہ کو چاہئے کہ وہ جنوبی ایشیا کے معاملے میں غیر جانبدار رہے، ڈیوڈ کیمرون کا بیان نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ ہر اس شخص کیلئے غیر منصفانہ ہے جو شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیمت پر بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم نہیں کئے جا سکتے، یہ ایک قلیل مدتی اسٹریٹجک ڈپلومیسی ہے، جس سے آگے چل کر برطانیہ کے مفادات کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر دوغلی پالیسی کا الزام عائد کرنا ان سپاہیوں کی بے عزّتی کے مترادف ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ |
|