| کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بوٹ بیسن انویسٹی گیشن پولیس نے ڈکیتی اور قتل میں ملوث ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سندھ کے بیٹے کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے آلہٴ قتل، لوٹا ہوا سامان اور نقدی برآمد کرلی جبکہ ملزمان میں اپنے شوہر کو قتل کرنے والی لڑکی بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن تھانے کی حدود ڈیفنس کمرشل اسٹریٹ نمبر3آئیڈیل بیکری کے قریب ایک اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزمان واصف الہی، ونود کمار اور حنا کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی او بوٹ بیسن صاحب علی شاہ نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل ملزمہ حنا نے بوٹ بیسن کے علاقے بنگلہ نمبرB-43میں لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر اپنے شوہر دنیش لال کو خنجر کے وار کرکے قتل کردیا تھا اور بنگلے سے 60 لاکھ روپے نقد، طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر خون آلود کپڑے اور آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے، ملزم واصف الہی نیب سندھ کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اسلم بٹ کا بیٹا ہے، ملزمہ حنا کے ونود کمار کے ساتھ تعلقات تھے اور اس نے ونود کے ساتھ مل کر اپنے شوہر دنیش کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، جس پر ونود کمار نے واصف الہی کو اپنے ساتھ شامل کرلیا تھا۔پولیس نے مقتول دنیش لال کے قتل کا مقدمہ روشن بی بی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے۔ |
|