|
کوئٹہ(نمائندہ جنگ/نامہ نگاران) سیکورٹی فورسز نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آزاد بلوچستان کا جھنڈا لہرانے کے الزام میں بی ایس او آزاد سمیت دیگر جماعتوں کے 60 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیاجبکہ بلوچ علیحدگی پسندوں نے 14اگست کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں خضدار‘ تربت‘ پسنی میں بلوچ قوم پرست اورطلباء تنظیموں کی جانب سے آزادبلوچستان کاجھنڈا لہرانے کے حوالے تقریبات کاانعقاد کیاگیا جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دھاوا بول دیا خضدار یونیورسٹی میں جھنڈا لہرانے کی کوشش میں بی ایس او آزاد کے بیبرگ بلوچ ‘ نوید ‘ قدوس اور نجیب بلوچ کو گرفتار کرلیاگیا۔بلوچ قوم پرست اورعلیحدگی پسندرہنماوٴں نے 14اگست کویوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔ خضدارمیں ایک اورکارروائی میں سیکورٹی فورسز نے 30 افراد کوجھنڈالہرانے کی مبینہ تقریب سے گرفتار کرلیا۔ پسنی میں بھی آزاد بلوچستان کا جھندا لہرانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے وسیم بلوچ اور سیف اللہ کوگرفتارکرلیا جبکہ تربت اورپنجگور سے بھی دس افراد کوگرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔
|