8/15/2009
کوئٹہ(نمائندہ جنگ/نامہ نگاران) بی این ایف انجمن اتحاد مری اور بی ایس او کی اپیل پرکئی شہروں میں 14 اگست کو یوم سیاہ منایا گیا۔ خضدار میں بلوچ نیشنل فرنٹ کی اپیل پر شٹرڈاوٴن رہا تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے اور یوم سیاہ منایا گیا مستونگ میں بی این ایف، بی آر پی اور بی ایس او آزاد کی اپیل پر یوم سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پر بازار سنسان رہے، اسکولوں کی تعطیلات کی وجہ سے کوئٹہ کے اسکولوں میں 14 اگست کے حوالے سے کوئی تقریب نہیں ہو سکی۔ نوشکی میں بی این ایف کی اپیل پر یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منایا گیا۔ قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں شہر میں ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جو پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئی۔ قلات میں بھی ابی این ایف کی اپیل پر یوم سیاہ منایا گیا۔ بی این ایف میں شامل جماعتوں بی آر پی، بی این ایم، بلوچ وطن موومنٹ، انجمن اتحاد مری اور بی ایس او (آزاد) کے کارکنوں نے بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور پریس کلب قلات کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور زبردست نعرے بازی کی خاران میں بی این پی مینگل اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے یوم سیاہ منایا پارٹی کے ضلعی دفتر پر سیاہ جھنڈا لہرایا گیا اور کارکنوں نے بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں علاوہ ازیں کوئٹہ تربت، پنجگور اور حب میں بھی بی این ایف کی اپیل پر یوم سیاہ منایا گیا اور قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے سیاہ پرچم لہرائے۔