راولپنڈی . . . راول پنڈی کینٹ میں گزشتہ روز مال روڈ پر ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے جبکہ جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کا سلسلہ بھی برقرار ہے ۔مال روڈ پر خودکش دھماکے سے متاثرہ پلازے اور اس سے ملحقہ کچھ مقامات کی ناکہ بندی آج دوسرے روز بھی جاری رہی اور جائے وقوعہ پر تحقیقاتی اداروں کے حکام ، شواہد اکھٹے کرنے کے عمل میں مصروف رہے ، ڈی ایچ کیو اسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق مال روڈ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے پانچ کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال سے دو زخمیوں کو فارغ کرکے گھر بھیج دیا گیا اور اس اسپتال میں 1 زخمی زیرعلاج ہے ، دوسری طرف اسلام آباد اور راول پنڈی میں سکیورٹی کی ہائی الرٹ صورت حال برقرار ہے اوردونوں شہروں میں داخلے کے تمام مقامات اور شہر کے اندر کئی سڑکوں پر پولیس ناکہ بندیاں کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہے۔