شکارپور . . . جیکب آباد شکار پوربائی پاس پر کوچ اوررکشے کے تصادم میں دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق کراچی سے جیکب آباد جانے والی کوچ تیز رفتاری کے باعث جیکب آباد شکار پور بائی پاس پر رکشے سے ٹکرا گئی ۔حادثے میں سلیم چانڈیو ،اصغر چانڈیو ، صدیق چانڈیو ،علی نواز شر اور عظیم شر موقع پر ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے ۔لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال شکار پور پہنچایا گیا جہاں سے دو زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ کے اسپتال روانہ کردیاگیا۔راستے میں ایک زخمی دلبر چانڈیو نے دم توڑ دیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ۔ ان میں دو بچے بھی شامل ہیں ۔ کوچ کا ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگئے ۔حادثے کے بعد شر اور چانڈیو قبائل کے مشتعل افراد نے کوچ کو آگ لگا دی اور قومی شاہراہ پر احتجاج کیا ۔ضلع ناظم شکار پور میر عار ف خان مہر نے پولیس کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔