فرد واحد کے فیصلوں کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑتا ہے، نواز شریف
چلاس…مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کی بنیادی وجہ آئین کا بار بار ٹوٹنا ہے۔ فرد واحد کے فیصلوں کا خمیازہ پوری قوم کوبھگتنا پڑتا ہے۔یہ بات انہوں نے چلاس ریسٹ ہاؤس میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہی۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بار بار مارشل لالگتا رہا، ڈکٹیٹر آتے رہے، آئین ٹوٹتا رہا اورجج گرفتار ہوئے ۔نوازشریف نے کہا کہ انہیں زبردستی ملک سے باہر رکھا گیا ۔انہوں نے ملک اور قوم کی خاطر مشرف کے آگے سر نہیں جھکایا۔اس سے قبل استور کے علاقے گوری کوٹ میں جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نے کبھی مفاد پرستی کے لیے کام نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات آزادانہ اور شفاف ہونے چاہئیں۔ ۔اقتدار میں آئے تو پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں میں تبدیل کردیں گے۔