رحیم یار خان…رحیم یار خان میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرفوجی دستے پہنچ گئے ہیں جبکہ چاچڑاں شریف کے مقام پر پانچ لاکھ 20 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گذر رہا ہے۔ڈی سی او رحیم یار خان ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جیو نیوز کو بتا یا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے جمال دین والی تحصیل رحیم یار کے علاقے احسان پور اور خانپور کے علاقے چاچڑاں شریف میں آرمی نے کیمپ قائم کر لئے ہیں۔ اس کے علاوہ سول ڈیفینس بھی ریسکیوکے لئے تیار ہے۔ ڈسی او کے مطابق دریائی علاقوں سے ملحقہ بعض لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے مگر ریلیف کیمپوں میں ابھی تک کسی نے رجسٹریشن نہیں کرائی ہے اور چا چڑاں شریف کے مقام پر پانچ لاکھ 20 ہزار کیوسک کے قریب پانی بہہ رہا ہے اور شام سے سات لاکھ کیوسک ہو سکتا ہے، جب کہ نشتر گھاٹ کا مقام غیر معمولی حیثیت کا حامل ہے جہاں پانچ دریاؤں کا میلاپ ہوتا ہے جن میں دریائے ستلج، دریائے پنجند،دریائے چناب،دریائے راوی اور دریائے سندھ شامل ہیں اس کے علاوہ چاچڑاں شریف سے کوٹ مٹھن تک مسافر بردار کشتیوں کی آمدروفت کا سلسلہ جاری ہے جس سے کسی وقت بھی حادثے کا خطرہ ہے۔